24newspk
'بابر اعظم ہمارا کپتان ہے اور رہے گا، شاہین آفریدی کا بیان

کراچی(24 نیوز پی کے)قومی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ باؤلر شاہین شاہ آفریدی قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم کے حق میں بول پڑے۔
تفصیلات کے مطابق قومی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ باؤلرشاہین شاہ آفریدی نے کہا کہ بابر اعظم ہمارا کپتان ہے اور رہے گا۔ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں شاہین شاہ آفریدی نے کہا کہ ’بابر اعظم ہماری اور پاکستان کی شان، جان اور پہچان ہے۔شاہین شاہ آفریدی نے ہیش ٹیگ ’سوچنا بھی منع ہے‘ کا استعمال کرتے ہوئے کہا کہ ’وہ ہمارا کپتان ہے اور رہے گا۔ اور کچھ سوچنا بھی منع ہے۔‘انہوں نے کرکٹ کے شائقین سے درخواست کی کہ قومی ٹیم کو سپورٹ کریں یہی ٹیم ہمیں جتائے گی۔ کہانی ابھی ختم نہیں ہوئی۔انگلینڈ کی ٹیم سے تین میچوں کی ٹیسٹ سیریز میں وائٹ واش کے بعد بابر اعظم کی کپتانی کے مستقبل پر چہ مگوئیاں ہو رہی ہیں۔
آپ کو بتاتے چلیں کہ قومی ٹیم کی حالیہ کارکردگی اور کپتان بابر اعظم کی اپنی کارکردگی پر سوال اٹھ رہے ہیں۔قومی ٹیم کی انگلینڈ کے ہاتھوں 0-3 سے شکست کے بعد ٹیم سلیکشن اور بابر اعظم کی کپتانی پر بھی باتیں ہو رہی ہیں اور بابر اعظم کو مشورے دیے جا رہے ہیں کہ وہ کپتانی چھوڑ کر اپنی بیٹنگ پر توجہ دیں۔بہت سے سابق کرکٹرز نے بھی قومی ٹیم کو سپورٹ کیا اور بابر اعظم کو بھی سپورٹ کیا جبکہ بہت سے سابق کرکڑز ان کی کپتانی سے ناخوش ہیں اور ٹیم سلیکشن پر سوالیہ نشان اٹھا رہے ہیں۔