• 24News pk

بلوچستان کے علاقے بولان مچھ میں نامعلوم افراد نے 10 کان کنوں کو اغوا کے بعد فائرنگ کرکے قتل


کوئٹہ ۔3جنوری (24 نیوز پی کے-اے پی پی):بلوچستان کے علاقے بولان مچھ میں نامعلوم افراد نے 10 کان کنوں کو اغوا کے بعد فائرنگ کرکے قتل جبکہ 4 زخمی کر دیا۔مقامی لیویز کے مطابق کے بلوچستان کے ضلع بولان کی تحصیل مچھ کے علاقے گشتری میں ہفتے اوراتوار کی درمیانی شب نامعلوم افراد کوئلے کی کان میں کام کرنے والے مزدوروں کو اغوا کرکے پہلے پہاڑوں پر لے گئے اور پھر ان پر فائرنگ شروع کردی۔ واقعے کے بعد مسلح افراد نامعلوم سمت فرار ہوگئے۔


افسوسناک واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس انتظامیہ اور سکیورٹی فورسز کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی۔ واقعے میں10 کان کن جاں بحق ہوگئے ہیں، لاشوں کو مچھ کے سرکاری اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ڈپٹی کمشنر بولان مراد کاسی کا کہنا ہے کہ واقعے میں 4 افراد زخمی بھی ہیں جن کا علاج جاری ہے، کان کنوں کی میتیں مچھ سے لانے کے لئے ایمبولینسیں کوئٹہ سے روانہ ہوگئی ہیں۔ ڈپٹی کمشنر بولان مراد کاسی نے فائرنگ کے واقعے میں 10 کان کنوں کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ افسوسناک واقعہ گشتری کے علاقے میں پیش آیا۔مراد کاسی کا کہنا تھا کہ فائرنگ کے واقعے میں 4 کان کن زخمی ہیں، زخمیوں اور لاشوں کو ایمبولینسوں کے ذریعے کوئٹہ منتقل کیا جا رہا ہے۔ ڈی سی بولان کا کہنا ہے کہ علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچنگ اور سوئپنگ آپریشن شروع کر دیا ہے۔

0 views0 comments

Subscribe to 24Newspk

Its all about urdu news

  • Twitter
  • Facebook
  • Linkedin

© 2021 by 24newspk.com all rights reserved