24newspk
زمبابوے کیخلاف سیریز کیلئے قومی سکواڈ کا اعلان ہو گیا، کون سے سینئر کھلاڑی جگہ نہ بنا سکے؟

لاہور (کرکٹ نیوز پی کے) پی سی بی کے چیف سلیکٹر اور ہیڈ کوچ مصباح الحق نےزمبابوے کے ساتھ سیریز کے لئے 16 رکنی قومی ٹیم کا اعلان کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف سلیکٹر اور ہیڈ کوچ مصباح الحق نے زمبابوے کے خلاف ون ڈے اور ٹی 20 سیریز کے لئے قومی ٹیم کا اعلان کر دیا ہے۔ قومی ٹی 20 کپ میں اچھی کارکردگی دکھانے والے کھلاڑیوں کو بھی زمبابوے کے خلاف موقع دیا ہے۔
16 رکنی ٹیم میں بابر اعظم ٹیم کے کپتان ہونگے اور ان کے علاوہ دیگر کھلاڑیوں میں محمد حفیظ،وہاب ریاض ،محمد رضوان ،فخر زمان،عابد علی،عبداللہ شفیق،حارث سہیل ،حیدر علی،افتخار احمد،امام الحق،خوشدل شاہ،شاہین شاہ آفریدی،روحیل نذیر،عثمان قادر اور محمد موسیٰ شامل ہیں ۔سابق کپتان سرفراز احمد ،سینئر آلراؤنڈر شعیب ملک اور عثمان شنواری کو ٹیم میں شامل نہیں کیا گیا ان کی جگہ نوجوان کھلاڑیوں کو موقع دیا گیا ہے۔
چیف سلیکٹر اور ہیڈ کوچ مصباح الحق نے ٹیم کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ زمبابوے کے خلاف ایک اچھی اور بیلنس ٹیم بنانے کی کوشش کی ہے۔مصباح الھق کا مزید کہنا تھا کہ ایک سال ہوگیا ہے ہم نے ون ڈے کرکٹ نہیں کھیلی اور ہم زیادہ تجربات نہیں کر سکتے کیوں یہ سیریز بہت اہم ہے ،اس وجہ سے آئی سی سی کے ایونٹس میں ہمیں جگہ ملے گی۔
مصباح الحق نے قومی ٹی 20 کپ پر بات کرتے ہوئے کہا کہ نیشنل ٹی 20 کپ میں بہت سے کھلاڑیوں نے اچھی پرفارمنس دی ہے،نوجوان کھلاڑی خوشدل شاہ اور حیدر علی کو مزید مواقع دیں گے۔مصباح الحق نے مزید کہا کہ ہم کوشش کریں گے کہ ٹیم سینئرز اور جونیئرز پر مشتمل ہوں جو اپنی اچھی کارکردگی کے ذریعے فتح حاصل کر سکے۔