24newspk
سری لنکا میں ایشیا کپ کے مستقبل پر مزید اندھیرا چھا گیا

ویب ڈیسک (24 نیوز پی کے) سری لنکا میں ایشیا کپ کے مستقبل پر مزید اندھیرا چھا گیا۔ ایشیا کپ رواں سال اگست میں سری لنکا میں کھیلا جائے گا،سری لنکا میں میں بجلی کے بحران کی وجہ سے نائٹ میچز کا انعقاد دشوار ہو چکا ہے، معاشی اور سیاسی بحران سے آئندہ ماہ آسٹریلوی کرکٹ ٹیم کے دورے پر بھی شدید خطرات لاحق ہو گئے، شدید گرمی نے کینگروز سے میچز یو اے ای منتقل کرنا بھی ناممکن بنا دیا ہے۔
سری لنکا کرکٹ کے سیکریٹری موہن ڈی سلوا نے کہا کہ ہمارا آسٹریلیا سے سیریز اور ایشیا کپ پروگرام کے مطابق کرانے کا ارادہ ہے، ہوم سیریز کے مقابلے دن میں ہی ہو سکتے ہیں، نائٹ میچز کیلیے ہم حکومتی بجلی پر انحصار نہیں کرتے، البتہ اگر جنریٹرز کیلیے ایندھن دستیاب نہ ہوا تو صورتحال مختلف ہو جائے گی۔ذرائع کے مطابق آسٹریلیا کا دورہ سری لنکا کا فیصلہ آنے والے 24 گھنٹوں میں ہوگا،ایشیا کپ اگر نہ ہوا تو سری لنکن بورڈ کو 6 ملین ڈالر کا نقصان ہو سکتا ہے،دوسری طرف ایشین کرکٹ کونسل نے سری لنکن بورڈ کو میزبانی کی تصدیق کے لئے 27 جولائی تک کا وقت دیا۔پلان بی کے مطابق یو اے ای کو تیار رہنے کا کہا گیا ہے۔ ایشیا کپ 27 اگست سے 11 ستمبر تک ہونا ہے مگر ملک میں شدید معاشی اور سیاسی بحران کی وجہ سے انٹرنیشنل کرکٹ کا انعقاد خطرے میں دکھائی دینے لگا، 24 میں سے صرف 12 گھنٹے تک ہی بجلی دستیاب ہوتی ہے، اشیائے ضرورت کی کمی ہو چکی جبکہ ایندھن اور خوراک کے ذخیرے بھی تیزی سے کم ہورہے ہیں، ایسے میں سری لنکا کرکٹ کیلیے کینگروز سے ڈے اینڈ نائٹ میچز کا انعقاد بھی مشکل دکھائی دینے لگا۔
ایونٹ میں پاکستان ،بھارت ،سری لنکا،بنگلادیش اور افغانستان شامل ہیں جبکہ چھٹی ٹیم کے لئے کوالیفائر میچز ہونگے۔ جن میں ہانگ کانگ،یواے ای،سنگاپور اور کویت شامل ہیں۔ اب تک 14 ایشیا کپ کھیلے گئے ہیں پہلا ایشیا کپ 1984 میں کھیلا گیا تھا اور ایو اے ای شارجہ میں کھیلا گیا پہلا ایشیا کپ بھارت نے جیتا ۔بھارت نے فائنل میں سری لنکا کو شکست دی تھی۔اب تک سب سے زیادہ ایشیا کپ بھارت نے جیتے ان کی تعداد 7 ہے ۔سری لنکا نے 5 پاکستان نے دو جیتے ہیں ۔