• 24newspk

سپیکر و ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی کا محرم الحرام کے آغاز کے موقع پر مسلم امہ کو اپنی صفوں میں اتحاد

پیدا کر نے کی ضرورت پر زور

24نیوز پی کے:سپیکر قومی اسمبلی راجا پرویز اشرف اور ڈپٹی سپیکر زاہد اکرم درانی نے کہا ہے کہ امت مسلمہ کو درپیش مسائل سے نمٹنے کے لیے باہمی اختلافات بھلا کر آپس میں اتحاد و اتفاق اور بھائی چارے کو فروغ دینے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ اپنی صفوں میں اتحاد قائم کر کے ہی ہم امت مسلمہ کو بحرانوں سے نکال سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں اسلامی سال کے آغاز کے موقع پر پاکستان کو نئے عزم اور ولولے کے ساتھ آگے بڑھانے اور اسلامی روایات پر بہتر طریقے سے عمل پیرا ہو کر اسلام کے حقیقی پیغام کو اجاگر کرنا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلامی سال کے آغاز کے موقع پر اپنے الگ الگ پیغامات میں کیا۔

اس موقع پر سپیکر نے کہا کہ یہ ماہ مقدس ہمیں شہدائے کربلا کی عظیم قربانیوں کی یاد دلاتا ہے۔ شہدائے کربلا نے حق اور سچ کے لیے جو عظیم قربانی دی اس کی پیروی کر کے ہم دنیا میں امن قائم کر سکتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ شہدائے کربلا کی قربانی سے ہمیں ایثار اور صبر و استقامت کا درس حاصل ہوتا ہے۔

سپیکر نے کہا کہ اسلا م امن ،محبت اور برداشت کا مذہب ہے اور فر قہ واریت انتہا پسندی اور تعصب کی نفی کر تا ہے انہوں نے علماء کرام اور مذہبی سکالرز کو مختلف عقائد کے مسلمانوں کے درمیان ہم آہنگی پیدا کرنے کے لیے اپنا کردار ادا کر نے اور اسلام کے حقیقی پیغام کو پھیلانے کے لیے کہا۔انہوں نے ملک سے دہشت گردی کے خاتمے اور فرقہ پرستی کا مقابلہ کرنے کے لیے باہمی اختلافات کوبھلا کر ایک جامع حکمت عملی بنانے کی ضرورت پر زور دیا ۔

اس موقع پر ڈپٹی سپیکر زاہد اکرم درانی نے کہا کہ محرم الحرام ہمیں ایثار و قربانی کا درس دیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ ماہ ہمیں شہدائے کربلا کی ان عظیم قربانیوں کی یاد دلاتا ہے جو انہوں نے اسلام کی خاطر پیش کی۔ انہوں نے مسلم امہ کو صبر، برداشت اور آپس میں بھائی چارے کے فروغ کی ضرورت پر زور دیا۔

15 views0 comments