24newspk
شاہینوں نے آخری ٹی 20 میچ جیت کر عزت بچالی

کرکٹ نیوز پی کے: پاکستان نے نیوزی لینڈ کو آخری ٹی 20 میچ میں 4 وکٹوں سے شکست دے کر سیریز کا اختتام جیت کے ساتھ کیا اور کلین سوئیپ ہونے سے بچالی۔
تفصیلات کے مطابق نیوزی لینڈ کے شہر نیپئر میں کھیلے گئے تیسرے اور آخری ٹی 20 میچ میں پاکستان نے نیوزی لینڈ کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا ۔میزبان ٹیم نے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 173 رنز بنائے۔نیوزی لینڈ کی طرف سے ڈیون کونوے 63 رنز کے ساتھ نمایاں اسکورر رہے ان کے علاوہ ٹم سیفرٹ 35 اور گلیم فلپز 31 رنز بنا سکے۔پاکستان کی طرف سے فہیم اشرف نے تین وکٹیں حاصل کی اور شاہین شاہ آفریدی ،حارث رؤف نے دو دو وکٹیں حاصل کیں ۔
پاکستان نے 174 رنز کا حدف 19.4 اوورز میں 6 کھلاڑیوں کے نقصان پر پورا کر لیا،پاکستان کی طرف سے محمد رضوان نے 89 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی ان کی اننگز میں تین چکھے اور دس چوکے شامل تھے۔ان کے علاوہ محمد حفیظ نے 41 رنز بنائے انہوں نے تین چھکے اور دو چوکے مارے۔نیوزی لینڈ کی طرف سے ٹم ساؤتھی اور اسکاٹ کگلیجن نے دو دو وکٹیں حاصل کیں ان کے علاوہ جیمیسن اور نیشم نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
محمد رضوان کو عمدہ اننگز پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔نیوزی لینڈ نے تین میچوں کی سیریز 1-2 سے اپنے نام کر لی۔