• 24News pk

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کی صدر آزاد جموں و کشمیر سردار مسعود خان کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو


اسلام آباد۔5فروری (24 نیوز پی کے-اے پی پی):صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ بھارت مقبوضہ کشمیر اور بھارت کے اندر مسلمانوں کے ساتھ جو کچھ کر رہا ہے وہ آگ سے کھیل رہا ہے اور تباہی کی طرف جا رہا ہے، اقوام عالم اقوام متحدہ کی بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں و کشمیر میں انسانی حقوق سے متعلق رپورٹ پر بھارت کے خلاف کئے جانے والے اقدامات کو دیکھے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مظفر آباد میں صدر آزاد جموں و کشمیر سردار مسعود خان کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط کشمیر میں کشمیر کے عوام کی اپنے حق خود ارادیت کے حصول کے لئے قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔ کشمیری بھارتی مظالم کے خلاف سینہ سپر ہیں اور ہم ان کی ہمت بڑھا رہے ہیں۔ بھارت کو خبردار کرتے ہیں کہ کشمیر کے معاملے پر کسی صورت کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے، بھارت امن چاہتا ہے تو کشمیر میں حالات معمول پر لائے۔ انہوں نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ بھارت کے زیر تسلط کشمیر میں جاری بھارتی مظالم کا نوٹس لیں۔ اقوام عالم کو یہ بھی دیکھنا چاہیے کہ اقوام متحدہ کی بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط کشمیر میں انسانی حقوق سے متعلق رپورٹ پر بھارت کے خلاف کیا اقدامات کئے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کشمیر اور بھارت کے اندر مسلمانوں کے ساتھ جو کچھ کر رہا ہے وہ آگ سے کھیل رہا ہے اور تباہی کی طرف جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ میڈیا اور سفارتی ذرائع سے اقوام عالم سے یہ مطالبہ کر رہے ہیں کہ وہ بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط کشمیر کا محاصرہ ختم کرانے کے لئے اپنا کردار ادا کرے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت نے 370 اور 35A میں تبدیلی کی جس سے کشمیری مطمئن نہیں ہیں، یہ فساد ہے اور نسل کشی کی راہ ہموار کرنے کی کوشش ہے۔ صدر مملکت نے کہا کہ پورا پاکستان کشمیر کے معاملے پر متحد ہے، اس حوالے سے کسی کو بھی کوئی اختلاف نہیں ہے۔ کشمیر کی آزادی کا سورج جلد طلوع ہو گا، اس مشکل صورتحال میں کشمیریوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔ قبل ازیں صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے آزاد کشمیر کی قانون ساز اسمبلی سے خطاب کیا اور یکجہتی کشمیر واک کی قیادت کی۔

8 views0 comments

Subscribe to 24Newspk

Its all about urdu news

  • Twitter
  • Facebook
  • Linkedin

© 2021 by 24newspk.com all rights reserved