24newspk
قومی ٹیم کے فاسٹ بائولر حسن علی کا کورونا ٹیسٹ منفی آگیا

اسلام آباد۔13مارچ (کرکٹ نیوز پی کے):قومی ٹیم کے فاسٹ بائولر حسن علی کا کورونا ٹیسٹ منفی آنے پر گھر جانے کی اجازت دے دی گئی۔ جمعہ کو اسلام آباد یونائیٹڈ کے فاسٹ بائولر نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹویٹ کے ذریعے اپنے مداحوں کو کورونا ٹیسٹ منفی آنے کی اطلاع دی۔ انہوں نے اپنے ٹویٹ میں کہا کہ ” زندگی میں پہلی بار کسی بھی چیز میں منفی ہونے پر میں بہت خوش ہوں”۔ انہوں نے کہا کہ الحمد اللہ ، پی سی بی سٹاف اور تمام کھلاڑیوں کا بہت شکر گزار ہوں جنہوں نے مشکل کے ان لمحات میں سپورٹ کیا، سب کے لئے بہت پیار۔
واضح رہے حسن علی ان 6 کرکٹرز میں شامل ہیں جن کا پی ایس ایل کے دوران کورونا ٹیسٹ مثبت آگیا تھا اور انہیں کراچی میں قرنطینہ کردیا گیا۔ حسن علی کو دو بار کورونا ٹیسٹ منفی آنے پر گھر واپسی کے لئے سفر کی اجازت دی گئی ہے۔ دریں اثناء دورہ جنوبی افریقہ اور زمبابوے کے لئے حسن علی کو تینوں فارمیٹس کے لئے قومی ٹیم میں شامل کرلیا گیا ہے۔