24newspk
وزیراعظم شہباز شریف کا ہجری سالِ نو 1444ھ کے موقع پر قوم کے نام پیغام.

بسم اللہ الرّحمن الرّحیم
میرے عزیز ہم وطنو
السلام و علیکم و رحمتہ اللہ و برکاتہ
آج یکم محرم الحرام سے نئے ہجری سال 1444ھ کا آغاز ہونے جا رہا ہے. میری ربِ باری تعالی کے حضور دعا ہے کہ نیا اسلامی سال امتِ مسلمہ بالخصوص پاکستان کیلئے امن، خوشحالی اور برکتوں کا باعث ہو.
سالِ نو کا آغاز جہاں تاریخ میں ایک نئے باب کا اضافہ ہے وہیں یہ ماضی کی رنجشوں کو بھلا کر، اپنی غلطیوں سے سیکھ کر، خطاؤں سے توبہ کا موقع یعنی رب کے حضور معافی کی یاد دہانی بھی کرواتا ہے. آئیں مل کر خود احتسابی کریں کہ گزشتہ پورے سال ہم نے عبادات، معاملات، اعمال، حلال و حرام، حقوق اللہ اور حقوق العباد کی ادائیگی میں کہیں اپنے رب کی ایسی نافرمانی تو نہیں کی جو روزِ محشر ہمیں رب تعالی اور نبی آخرالزماں حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم کے سامنے شرمندگی میں مبتلا کرے. آئیں مل کر ہم سالِ نو کے موقع پر خود سے یہ عہد کریں کہ آج سے ہم اپنی زندگیوں میں رب کی خوشنودی اور رضامندی کو دینی و دنیاوی معاملات میں افضل جان کر اپنے انفرادی زندگی میں بدلاؤ لائیں گے.
نئے اسلامی سال کے موقع پر میری قوم سے اپیل ہے کہ اس سال ہم عہد کریں کہ ہم آئندہ 12 مہینوں میں اپنی انفرادی اور اجتماعی زندگی میں رواداری اور بھائی چارے کو اپنا نصب العین بنائیں گے خواہ وہ مذہبی ہو یا سیاسی. آیئے نئے اسلامی سال کے آغاز پر اس بات کا عزم کریں کہ ہم پوری ایمانداری سے وطن عزیز کی خدمت کریں گے.
میں اللہ تعالیٰ کے حضور دعاگو ہوں کہ آنے والے ہجری سال میں الله ہمیں ہر قسم کی آفات اور مصائب سے محفوظ رکھے ; اور یہ سال پاکستان، ملت اسلامیہ اور پوری انسانیت کے لیے امن و آشتی اور ترقی و خوشحالی کی نوید بن کر آئے۔ آمین۔
پاکستان پائندہ باد