• 24News pk

وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت صوبہ پنجاب میں ہیلتھ کارڈز کی فراہمی کے حوالے سے اقدامات،جائزہ اجلاس


اسلام آباد۔28جنوری (24 نیوز پی کے-اے پی پی):وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ عوام کو صحت کی معیاری سہولیات کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے، ہیلتھ کارڈ سے استفادہ کے تحت غریب اور مستحق افراد صحت کی معیاری سہولیات حاصل کر سکیں گے۔ا ن خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو یہاں صوبہ پنجاب میں ہیلتھ کارڈز کی فراہمی کے حوالے سے اقدامات میں پیشرفت پر جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ وزیراعظم میڈیا آفس سے جاری بیان کے مطابق اجلاس میں وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر، معاون خصوصی صحت ڈاکٹر فیصل سلطان، صوبائی وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد اور سینئر افسران نے شرکت کی جبکہ وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار اور وزیر خزانہ پنجاب مخدوم ہاشم جواں بخت نے بھی اجلاس میں ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔ اجلاس کو پنجاب کی صوبائی کابینہ کی جانب سے حال ہی میں صوبے کی 100 فیصد آبادی کو یونیورسل ہیلتھ کوریج کی فراہمی کی منظوری کے حوالے سے آگاہ کیا گیا ۔اجلاس کو پنجاب کی سو فیصد آبادی کو اس سال کے آخر تک ہیلتھ کارڈ کی فراہمی میں اب تک ہونے والی پیشرفت اور اہداف کے حصول کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی ۔ رواں مالی سال کے اختتام تک پنجاب کے 7 اضلاع کی مکمل آبادی کو ہیلتھ کارڈ فراہم کر دیئے جائیں گے جبکہ دسمبر 2021 تک پنجاب کے تمام اضلاع میں ہیلتھ کارڈز کی فراہمی کو یقینی بنایا جائےگا۔ وزیراعظم عمران خان نے اس موقع پر صوبہ پنجاب میں عوام الناس کو ہیلتھ کارڈ کی فراہمی کے حوالے سے اقدامات میں پیش رفت کو سراہتے ہوئے کہا کہ عوام کو صحت کی معیاری سہولیات کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے ، بد قسمتی سے ماضی میں صحت کے نظام میں غریب طبقے کے تحفظ پر توجہ نہ دی گئی۔ انہوں نے کہا کہ ہیلتھ کارڈ کی فراہمی کی بدولت غریب اور مستحق افراد صحت کی معیاری سہولیات سے مستفید ہو سکیں گے۔

0 views0 comments

Subscribe to 24Newspk

Its all about urdu news

  • Twitter
  • Facebook
  • Linkedin

© 2021 by 24newspk.com all rights reserved