• 24News pk

وزیرِاعظم عمران خان کی زیر صدارت ملک میں انفارمیشن ٹیکناجی کے فروغ کے حوالہ سے اجلاس


اسلام آباد۔9اکتوبر (24 نیوز پی کے):وزیرِاعظم عمران خان نے کہا ہے کہ انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبہ میں بے پناہ صلاحیت موجود ہے، ماضی میں انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبہ کو نظر انداز کئے جانے کے باوجود ہمارے نوجوانوں نے اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا ہے، انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبہ کی ترقی کیلئے ہر ممکن اقدامات کئے جائیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ملک میں انفارمیشن ٹیکنالوجی کے فروغ کے حوالہ سے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں صوبائی وزیر برائے ہائر ایجوکیشن پنجاب راجہ یاسر ہمایوں، چیئرمین این آئی ٹی بی (نیشنل انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ) سیّد شباہت علی شاہ، عامر ہاشمی، وائس چانسلر آئی ٹی یو ڈاکٹر سرفراز خورشید، شباہت رفیق اور چیئرمین پی آئی ٹی بی اظفر منظور نے شرکت کی۔ اجلاس میں آئی ٹی سیکٹر کے فروغ خصوصاً گلوبل چِپ ڈیزائن انڈسٹری کے شعبے میں ملکی نوجوانوں کی استعدادِ کار کو بروئے کار لانے کے حوالہ سے تجاویز اور اقدامات کے حوالے غور کیا گیا۔ وزیرِاعظم عمران خان نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبے میں ملک کی نوجوان آبادی اور تعلیم یافتہ افراد میں بے پناہ صلاحیت موجود ہے، ہماری نوجوان آبادی ملک کا اصل اثاثہ ہے، ملک کی تعمیر و ترقی میں نوجوانوں کے بھرپور حصہ ڈالنے کے لئے ضروری ہے کہ جدید شعبوں میں ان نوجوانوں کو سازگار ماحول فراہم کیا جائے۔ وزیراعظم نے کہا کہ ماضی میں انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبے کو یکسر نظر انداز کئے جانے کے باوجود بھی ہمارے جوانوں نے اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا ہے، موجودہ حکومت سرکاری سطح پر اس شعبے کی معاونت کے لئے پرعزم ہے اور اس ضمن میں ہر ممکنہ کوشش کی جائے گی۔ وزیرِاعظم نے چیئرمین این آئی ٹی بی کو ہدایت کی کہ انفارمیشن ٹیکنالوجی کے فروغ کے حوالے سے پیش کی جانے والی تجاویز کو عملی جامہ پہنانے کے حوالے سے مفصل حکمت عملی اور روڈ میپ تشکیل دیا جائے۔

Drop Me a Line, Let Me Know What You Think

© 2020 by 24newspk.com all rights reserved