• 24News pk

وزیر اعظم عمران خان کے دورہ سری لنکا کے اختتام پر مشترکہ اعلامیہ جاری


اسلام آباد۔24فروری (24 نیوز پی کے-اے پی پی):وزیر اعظم عمران خان کے دورہ سری لنکا کے اختتام پر بدھ کو مشترکہ اعلامیہ جاری کر دیا گیا۔وزیر اعظم عمران خان نے وفاقی وزرائ،سینئر سرکاری حکام پر مشتمل اعلی سطحی وفد کے ہمراہ سری لنکا کے صدرگوتابایا راجہ پاکسے کی دعوت پر سری لنکا کا دو روزہ دورہ کیا۔وزارت عظمی کا عہدہ سنبھالنے کے بعد وزیر اعظم عمران خان کا یہ سری لنکا کا پہلا دورہ تھا۔کولمبو آمد پر وزیر اعظم کا پر تپاک استقبال کیا گیا۔دو روزہ قیام کے دوران وزیر اعظم عمران خان نے وفود کی سطح پر سری لنکا کے صدر گوتابایا راجہ پاکسے اور وزیر اعظم مہندا راجہ پاکسے ملاقاتیں کیں،دونوں ملکوں نے تعاون کے مختلف شعبوں میں کثیرالجہتی تعلقات کا تفصیل سے از سر نو جائزہ لیا۔مذاکرات باہمی اعتماد اور احترام کی بنیاد پر خوشگوار ماحول میں منعقد ہوئے۔فریقین نے حال ہی میں خارجہ سیکرٹریوں کی سطح کے دو طرفہ سیاسی مشاورت،مشترکہ اقتصادی کمیشن سیشن اور کامرس سیکرٹریز کی سطح پر بات چیت کو آگے بڑھانے، قریبی اور مسلسل مشاورت جاری رکھنے کے عزم ک کا اعادہ کیا۔


فریقین نے جامع طریقہ کار کے تحت تعاون مزید مستحکم کرنے،متواتر ملاقاتیں کرنے،اعلی سطح اور وفود کی سطح پر تبادلوں کو فروغ دینے،مشاورت کے عمل کو آگر بڑھانے اور متعلقہ اداروں کے مابین تعاون کرنے پر اتفاق کیا۔وزیر اعظم عمران خان نے ”پر امن ہمسائیگی”ویزن کے تحت سری لنکا کی سماجی و اقتصادی ترقی میں پاکستان کی جانب سے تعاون کا اعادہ کیا۔فریقین نے ثقافتی روابط کو فروغ دینے ، انسانی وسائل کی ترقی ، اور مختلف شعبوں میں استعداد کار بڑھانے کے ساتھ ساتھ تعلیمی اور تکنیکی تعاون کا بھی جائزہ لیا۔ پاکستان نے پاک۔سری لنکا ہائر ایجوکیشن کوآپریشن پروگرام (پی ایس ایل ایچ ای سی پی) کے تحت طب(ایم بی بی ایس اور بی ڈی ایس) کے شعبے میں 100 اسکالرشپ کا اعلان کیا جبکہ سری لنکا نے انسانی وسائل کی ترقی اور صلاحیتوں میں اضافے میں پاکستان کے تعاون کو سراہا۔بدھ آثار قدیمہ کے مقامات کے حوالے مذہبی سیاحت کے وسیع تر مواقعوں اور گندھارا تہذیب سے قدیم اور ثقافتی رشتوں کو محسوس کرتے ہوئے فریقین نے سیاحت کے شعبہ میں تعاون بڑھانے کی اہمیت پر زور دیا اور اس میں مہمان نوازی کی صنعت ، بشمول تربیت اور استعداد کاری میں اضافے سمیت مہارت شیئر کرنے کے فوائد کو اجاگر کیا۔پاکستان نے یونیورسٹی آف پیراڈینیہ کینڈی میں ایشین تہذیب اور ثقافتی مرکز کے قیام کا اعلان کیا۔


2 views0 comments

Subscribe to 24Newspk

Its all about urdu news

  • Twitter
  • Facebook
  • Linkedin

© 2021 by 24newspk.com all rights reserved