• 24News pk

وفاقی وزیر مواصلات و پوسٹل سروسز مراد سعید کی پریس کانفرنس


اسلام آباد۔21جنوری (24 نیوز پی کے-اے پی پی):وفاقی وزیر مواصلات و پوسٹل سروسز مراد سعید نے کہا ہے کہ اپوزیشن جماعتیں ملک دشمن عناصر کے ہاتھوں میں کھیل رہی ہیں، اپوزیشن جماعتیں ایسے عناصر کے ہاتھوں میں کٹھ پتلیوں کی طرح کھیل رہی ہیں جو نہیں چاہتے کہ پاکستان وزیراعظم عمران خان کے دور میں ترقی کرے۔ جمعرات کو یہاں پریس انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ (پی آئی ڈی) میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نواز شریف پاکستان مخالف لابیوں سے ملاقاتیں کر رہے ہیں جو پاکستان کو بدنام کرنے کے لئے بھارت اور اسرائیل کے وسیع تر منصوبہ کے تحت کام کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم کے صدر مولانا فضل الرحمن نے بھی غیر ملکی لابی سے ملاقاتیں کیں۔ انہوں نے سوال کیا کہ مولانا سابق فاٹا کے انضمام کے خلاف کیوں تھے؟ انہوں نے مزید کہا کہ اجمل قادری کس جماعت سے تھے؟مراد سعید نے کہا کہ بھارت میں پاکستان کے سابق سفیر عبدالباسط نے واضح طور پر کہا ہے کہ نواز شریف کے بیٹوں نے انہیں کئی بار فون کیا تھا اور جندال کو خفیہ ویزا جاری کرنے کے لئے کہا تھا۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کے دورے کے دوران نواز شریف نے بھی ہندوستان کو خوش کرنے کے لئے حریت قیادت سے ملاقات نہیں کی۔انہوں نے کہا کہ بھارت نے پاکستان کے خلاف جعلی پروپیگنڈا کیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ میں سمجھتا ہوں کہ’’اب ہندوستانی غرور خاک میں مل گیا ہے‘‘۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ یوروپی یونین کے ڈس انفولیب نے انکشاف کیا کہ 119 ممالک میں 750 سے زیادہ ہندوستانی ویب سائیٹس پاکستان کو کمزور کرنے کے لیے اس ایجنڈے کے ساتھ تقریبا 15 سالوں سے چل رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ڈس انفولیب نے پاکستان کے خلاف بھارت کی سازشوں کو پوری طرح سے بے نقاب کردیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے بین الاقوامی فورمز پربھارت کے چہرے کو بھی بے نقاب کر دیا۔وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کے پاس پانامہ / اقامہ یا غیر ملکی جائیدادیں نہیں ہیں کیونکہ ان کی پوری زندگی ملک کی بہتری اور اپنے عوام کی خوشحالی کے لئے جدوجہد پر مشتمل ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان نے فلسطین کے عوام کے لئے بھی آواز اٹھائی اور بین الاقوامی فورمز پر کشمیری عوام کے سفیر بنے. انہوں نے مزید کہا کہ ملک میں امن کی بحالی کے لئے پاکستان کے 7000 سکیورٹی فورسز اور 80،000 سویلینز نے قربانیاں دی ہیں جبکہ اپوزیشن کی جماعتیں ریاست مخالف لابی کی حمایت میں مصروف ہیں۔مراد سعید نے کہا کہ پاکستان وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں آگے بڑھے گا اور ترقی کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم این آرو مانگنے کے لئے اسلام آباد میں سرکس لگانے کے لئے آیا۔انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم نے کرپٹ لوگوں کے این آر او کیلئے اسلام آباد میں ایک سرکس لگایا۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ سرکس این آر او کے مطالبہ سے شروع کیا گیا جو حکومت نے نہیں دیا تھا۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ عوام نے بھی انہیں انتخابات میں مسترد کردیا تھا۔انہوں نے کہا کہ اپوزیشن جماعتوں نے فارن فنڈ نگ کی تفصیلات الیکشن کمیشن آف پاکستان میں جمع نہیں کرائیں جبکہ تحریک انصاف نے 40،000 ڈونرز کے اکاؤنٹ نمبروں کا ریکارڈ الیکشن کمیشن کو فراہم کیا ہے۔

5 views0 comments

Subscribe to 24Newspk

Its all about urdu news

  • Twitter
  • Facebook
  • Linkedin

© 2021 by 24newspk.com all rights reserved