• 24newspk

ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ: شاداب اور افتخار نے ساؤتھ افریقہ کی خطرناک بولنگ لائن اپ کو دن میں تارے دکھا دیے


24 نیوز پی کے:ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے گروپ ٹو کے میچ میں پاکستان نے جنوبی افریقا کو جیت کے لیے 186 رنز کا ہدف دے دیا ہے۔ ٹاپ آرڈر کی ناکامی کے بعد مڈل آرڈر میں شاداب خان اور افتخار احمد کی جارحانہ بیٹنگ کے باعث پاکستان ٹیم میچ میں بڑا اسکور بنا سکی۔ سڈنی میں کھیلے جارہے میچ میں کپتان بابر اعظم اور وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان نے اننگز کا آغاز کیا۔ بابر اور رضوان کی پارٹنرشپ کریز پر 4 بولز ہی قائم رہ سکی۔ جنوبی افریقی بیٹر نے 4 رنز پر محمد رضوان کو بولڈ کردیا۔ ورلڈ کپ میں پہلا میچ کھیلنے والے محمد حارث نے تیسرے نمبر پر آکر جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 11 گیندوں پر 28 رنز بنائے۔ انہوں نے 3 چھکے اور 2 چوکے لگائے۔ انہیں پانچویں اوور میں 38 کے مجموعی اسکور پر نورکیا نے ایل بی ڈبلیو آؤٹ کیا۔


پاکستان کی تیسری وکٹ ربادا نے حاصل کی، جب کپتان بابر اعظم ایک مرتبہ پھر بیٹنگ میں ناکام ہوگئے اور 15 گیندوں پر 6 رنز بنا کر کیچ آؤٹ ہوگئے۔ جنوبی افریقی بولر نورکیا نے پاکستان کی چوتھی وکٹ 43 رنز پر حاصل کی، شان مسعود 2 رنز بنا کر کیچ آؤٹ ہوئے۔ محمد نواز اور افتخار احمد کی پارٹنرشپ کو 13 ویں اوور میں 95 کے اسکور پر توڑ کر تبریز شمسی نے جنوبی افریقا کے لیے پانچویں کامیابی حاصل کی۔ اسپن بولر تبریز شمسی نے محمد نواز کو 28 رنز پر ایل بی ڈبیلو کیا۔ پاکستان نے میچ کے لیے ٹیم میں ایک تبدیلی کرتے ہوئے فخر زمان کی جگہ محمد حارث کو پلیئنگ الیون میں شامل کیا ہے۔ پاکستان ٹیم میں بابر اعظم، شاداب خان، محمد رضوان، شان مسعود، افتخار احمد، محمد حارث، محمد نواز، محمد وسیم جونیئر، شاہین شاہ آفریدی، نسیم شاہ اور حارث رؤف شامل ہیں۔


سڈنی میں ٹاس جیتنے کے بعد گفتگو کرتے ہوئے کپتان بابر اعظم نے کہا کہ پچ بیٹنگ کے لیے اچھی لگ رہی ہے۔ بابر اعظم نے کہا کہ ٹیم میں ایک تبدیلی کرتے ہوئے حارث کو موقع دیا گیا ہے۔ اس موقع پر جنوبی افریقا کے کپتان ٹمبا باووما نے کہا کہ پاکستان کو کم اسکور تک محدود کرنےکی کوشش کریں گے۔ ٹمبا باووما نے بتایا کہ ٹیم میں 2 تبدیلیاں کی گئی ہیں، ٹاس جیت کر ہم بھی پہلے بیٹنگ کو ترجیح دیتے۔ میچ شروع ہونے سے قبل سڈنی میں گفتگو کرتے ہوئے فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی نے کہا کہ انجری کے بعد اچھا محسوس کر رہا ہوں۔ شاہین شاہ آفریدی نے کہا کہ اس میچ پر فوکس ہے، پرامید ہیں کہ اچھی کرکٹ کھیلیں اور میچ جیتیں۔ انہوں نے کہا کہ جنوبی افریقی بولر نورکیا تیز رفتاری سے بولنگ کرتے ہیں۔ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں جنوبی افریقا کی ٹیم اب تک ناقابل شکست ہے جبکہ پاکستان ٹیم گروپ ٹو میں اس وقت پانچویں نمبر پر موجود ہے۔


12 views0 comments