• 24News pk

پاکستانی افرادی قوت میں صلاحیتوں کی کمی نہیں،وزیرِ اعظم عمران خان


اسلام آباد۔2فروری (24 نیوز پی کے-اے پی پی):وزیرِ اعظم عمران خان نے عملی تربیت و ہنر مند افرادی قوت کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کی افرادی قوت میں صلاحیتوں کی کمی نہیں، ضرورت اس امر کی ہے کہ بروقت اقدامات سے ان کی صلاحیتوں کو نکھار کر بین الاقوامی سطح پر اپنا لوہا منوانے کے مواقع فراہم کیے جائیں۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار منگل کو یہاں ہنر مندی کی تعلیم کے حوالے سے بین الصوبائی تعاون سے متعلق اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔اجلاس میں وفاقی وزیر تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت شفقت محمود، صوبائی وزراء راجہ یاسر ہمایوں، کامران بنگش، معاونِ خصوصی وزیرِ اعلی پنجاب سردار تنویر الیاس، سی ای او نیشنل انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ شباہت علی شاہ، سید جاوید حسین چیئرمین نیوٹیک، علی سلمان صدیقی چیئرمین ٹیوٹا، عامر ہاشمی چیئرمین سپیشل ٹیکنالوجی زونز اتھارٹی، سجاد برقی، عاطف خان اور متعلقہ اعلی افسران نے شرکت کی ۔اجلاس کو پاکستان کی ہنر مند افراد کو بین الاقوامی معیار کے مطابق تربیت دینے کیلئے حکمتِ عملی پر بریفنگ دی گئی ۔


اجلاس کو بتایا گیا کہ پاکستانی افرادی قوت کو عالمی سطح پر جن چیلنجز کا سامنا ہے ان کیلئے صوبائی و وفاقی اداروں کے تعاون سے ایک جامع حکمتِ عملی بنائی جائے گی.ماضی میں اس شعبے کو نظر انداز کرنا نوجوان نسل کو ہنر مند افرادی قوت میں تبدیل کرنے کی بجائے بیروزگاری اور ترسیلات زر میں کمی کا باعث بنا. وزیرِ اعظم کو بتایا گیا کہ دس سال میں پہلی مرتبہ موجودہ دورِ حکومت میں ٹیوٹا کو دس ارب کا ترقیاتی بجٹ ملا جس کی بدولت ادارے نے تربیت دینے کی استعداد کو 90 ہزار سے دو لاکھ اور آن لائن سسٹم کے تحت ٹریننگ کے ذریعے مزید 50 ہزار تک بڑھا دیا۔ مزید بتایا گیا کہ ٹیوٹا کمپیٹینسی بیسڈ ٹریننگ اینڈ ایسسمنٹ سسٹم کے ذریعے بین الاقوامی کھپت کو مدنظر رکھتے ہوئے ہنر مند افراد کی نئی کھیپ تیار کرنے کی طرف گامزن ہے جو مختلف مخصوص شعبوں میں کسی بھی ملک میں روزگار حاصل کرسکے گی. اسکے علاوہ اجلاس کو مختلف ممالک کیلئے درکار ہنر مند افراد کو مد نظر رکھتے ہوئے تربیتی پروگراموں کے اجراء، نیشنل اےکریڈیٹیشن رجیم کے قیام اور اسکو مختلف بین الاقوامی اداروں سے منسلک کرنے کے بارے بھی آگاہ کیا گیا. مزید اجلاس کو ہنر مند افراد کی تربیت کیلئے شروع کئے گئے 57 نئے تربیتی کورسزاور 200 ایسے کورسز کے بارے آگاہ کیا گیا جو جلد متعلقہ مشینری آنے کے فوری بعد شروع کر دیئے جائیں گے. وزیرِ اعظم کو نرسوں کیلئے پہلی دفعہ ایک ہزار تعلیمی و تربیتی وظائف کے اجراء کے بارے بھی آگاہ کیا گیا. وزیرِ اعظم نے اس موقع پر عملی تربیت و ہنر مند افرادی قوت کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ہمسایہ ملک چین کی ترقی کے بے شمار عناصر میں سے ایک وہاں ہنر مند افرادی قوت پر خصوصی توجہ ہے. وزیرِ اعظم نے ہدایت دی کہ وفاقی و صوبائی ادارے مل کر ایک جامع حکمتِ عملی بنا کر پیش کریں. انہوں نے مزید کہا کہ پاکستانی افرادی قوت میں صلاحیتوں کی کمی نہیں، ضروت صرف اس امر کی ہے کہ بروقت اقدامات سے ان کی صلاحیتوں کو نکھار کر بین الاقوامی سطح پر اپنا لوہا منوانے کے مواقع فراہم کیے جائیں۔


2 views0 comments

Subscribe to 24Newspk

Its all about urdu news

  • Twitter
  • Facebook
  • Linkedin

© 2021 by 24newspk.com all rights reserved