• 24News pk

پاکستان میں پینے کے صاف پانی کے پلانٹس قائم کرنا مخیر شخصیت آر صابرکا اقدام قابل تعریف ہے


لندن ۔ 17 اگست: برطانیہ میں پاکستان کے ہائی کمشنر محمد نفیس ذکریا نے پاکستان میں پینے کے صاف پانی کے پلانٹس قائم کرنے پر برمنگھم کی ایک پاکستانی مخیر شخصیت آر صابر اور دیگر کمیونٹی ارکان کی تعریف کی ہے ، یہاں ایک استقبالیہ سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان بھر کے لوگوںکو پینے کا صاف پانی مہیاکرنا ایک نیک کام ہے، صنعتی ناکارہ مادہ کو تلف کرنے کے لئے سائنسی اننظامات کی ضرورت ہے تاکہ پانی اور فصلوں کو آلودہ ہونے سے بچایا جاسکے جو امراض کا ایک بڑا سبب ہے ۔ ہائی کمشنر نفیس ذکریا نے پاکستانی اور برطانوی سرمایہ کاروں پر زور دیا کہ وہ دونوں ممالک کے باہمی مفاد میں پاکستاں میں سرمایہ کاری کے دوستانہ ما حول سے فائدہ اٹھائیں۔ انہوں نے سپیشل اکنامک زونز سمیت سیاحت انفرا سٹرکچر پراجیکٹس فارما انڈسٹری ٹیکسٹائل اور پرسنل پروٹیکٹو ایکوپمنٹ انڈسٹری کے شعبوںمیں سرمایہ کاری کے امکانات اور پاکستانی کمیونٹی کے لئے چائنا پاکستان اکنامک کوریڈور کی اہمیت سے آگاہ کیا ،اس موقع پر پاکستانی مخیر شخصیت آر صابر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ابتدا میں صاف پانی کا پلانٹ 2015 ءمیں ان کی والدہ کے نام پر چیچہ وطنی میں شروع کیا گیا تھا بعد ازاںکئی پاکستانی اس کار خیر میں شامل ہوئے اور آج پاکستان بھر میں ان کوششوں سے پینے کے صاف پانی کے 45 پلانٹ قائم ہیں اور آئندہ دو سالوں میں ہم یہ تعداد بڑھا کر 75 کر دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ صاف پانی نہ ملنے سے لوگوں کو ہیضہ ، ٹائفائیڈ ، ہیپاٹائٹس اے اور دیگر مختلف امراض کا خطرہ لاحق ہوتا ہے بہتر صحت کے لئے ضروری ہے کہ تمام شہریوں کے لئے صاف پانی کی دستیابی کو یقینی بنایا جائے اس سلسلہ میں ہمارا تعاون مستقبل میں بھی جاری رہے گا اور ڈونرز کی طرف سے پائیدار بنیادوں پر کلین ڈرنکنگ واٹر کی فراہمی کے لئے نظام وضع کیا جائے گا ،انہوں نے پراجیکٹ کی معاونت اور حوصلہ افزائی پر ہائی کمشنر سے اظہار تشکر کیا ۔


Drop Me a Line, Let Me Know What You Think

© 2020 by 24newspk.com all rights reserved