top of page
  • Writer's picture24newspk

پاکستان کا جنوبی افریقہ کو ہوم سیریز میں شکست دے کر عالمی ٹیسٹ رینکنگ میں پانچویں نمبر پر پہنچنا


لاہور(کرکٹ نیوز پی کے):قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور مایہ ناز بلے باز انضمام الحق نے 18 سال بعد جنوبی افریقہ کو ٹیسٹ سیریز میں شکست دینے پر پاکستان کرکٹ ٹیم کو مبارکباد پیش کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان ٹیم نے ہوم گرائونڈ میں اعلیٰ کارکردگی کا مظاہرہ کیا،یہ کامیابی ٹیم ورک کا نتیجہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے تینوں شعبوں میں بہترین کھیل کا مظاہرہ کیا، فیلڈنگ میں عمدہ کیچز، فواد عالم اور محمد رضوان کی سنچریوں اور پھر پہلے ٹیسٹ میچ میں سپنرز کے بعد دوسرے ٹیسٹ میچ میں حسن علی اور شاہین شاہ آفریدی کی شاندار بائولنگ نے پاکستان کو فتح سے ہمکنار کیا۔ سابق کپتان کا کہنا ہے کہ پاکستان کے لوئر آرڈر کا متواتر رنز بنانا اس ٹیسٹ سیریز میں دونوں ٹیموں کے درمیان فرق ثابت ہوا،فہیم اشرف، حسن علی، یاسر شاہ، نعمان علی اور شاہین شاہ آفریدی نے بیٹنگ میں شاندار فائیٹ کی۔ لیجنڈری کرکٹر نے کہا کہ محمد رضوان کی کارکردگی میں دن بدن نکھار آرہا ہے، بطور بیٹسمین وہ جس طرح لوئر آرڈر کے ساتھ مل کر سکور بورڈ چلا رہے ہیں وہ قابل دید ہے۔انہوں نے کہا کہ آسٹریلیا، انگلینڈ اور نیوزی لینڈ میں متواتر اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے محمد رضوان کی جنوبی افریقہ کے خلاف ہوم سیریز میں بھی کارکردگی نمایاں رہی۔پاکستان کرکٹ ٹیم جنوبی افریقہ کو ہوم سیریز میں شکست دے کر عالمی ٹیسٹ رینکنگ میں پانچویں نمبر پر پہنچ گئی ہے۔ نیشنل سٹیڈیم کراچی میں کھیلے گئے سیریز کے پہلے میچ میں 7 وکٹوں سے کامیابی حاصل کرنے والی پاکستان کرکٹ ٹیم نے پنڈی ٹیسٹ میں جنوبی افریقہ کو 95 رنز سے ہرایا۔انضمام الحق نے کہا کہ فرسٹ کلاس کرکٹ کی ایک خاص اہمیت ہے اور کسی بھی کھلاڑی کو تراشنے میں اس کا کردار بہت اہم ہے، حسن علی اس کی تازہ ترین مثال ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حسن علی نے دوسرے ٹیسٹ میچ میں عمدہ بائولنگ کی، شاہین شاہ آفریدی نے بھی دوسری اننگز میں ان کا بہت ساتھ دیا۔انہوں نے کہا کہ ٹیم منیجمنٹ قابل تعریف ہیں، مصباح الحق، وقار یونس اور یونس خان کے لیے یہ سیریز بہت اہم تھی مگر ان تینوں تجربہ کار کرکٹرز نے تحمل کا مظاہرہ کیا اور کھلاڑیوں کو بہترین سپورٹ فراہم کی، جس کے نتیجے میں فتح پاکستان کے نام رہی۔

12 views0 comments
bottom of page