• 24News pk

پاکستان یورپی یونین مشترکہ اقتصادی کمیشن، ہمارے دو طرفہ مضبوط اقتصادی روابط کا مظہر ہے، وزیر خارجہ


اسلام آباد۔4مارچ (24 نیوز پی کے-اے پی پی):وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پاکستان یورپی یونین مشترکہ اقتصادی کمیشن، ہمارے دو طرفہ مضبوط اقتصادی روابط کا مظہر ہے۔یہ بات انہوں نے جمعرات کو وزارتِ خارجہ میں پاکستان میں تعینات یورپی ممالک کے سفرا کے ساتھ ملاقات کے دوران کہی۔


شاہ محمود قریشی نے کہا کہ یورپی ممالک ہمارے سب سے بڑے تجارتی اتحادی ہیں جبکہ پاکستان میں سرمایہ کاری کے بہترین مواقع موجود ہیں۔وزیر خارجہ نے کہا کہ کورونا وائرس کی وبا کی وجہ سے معاشی مشکلات کے باوجود یورپی کمپنیوں کی جانب سے پاکستان میں سرمایہ کاری کے حجم میں خاطر خواہ اضافہ ہوا ہے اور ہماری دو طرفہ تجارت کو فروغ ملا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستانیوں کی ایک بڑی تعداد یورپی ممالک میں مقیم ہے جو ہمارے دو طرفہ اقتصادی روابط کے فروغ میں معاون ثابت ہو سکتے ہیں۔وزیر خارجہ نے کہا کہ ہم ای اے ڈی کے ذریعے 2021 کا پلان ترتیب دے رہے ہیں تاکہ یورپی ممالک کے ساتھ مشترکہ اقتصادی کمیشنز کو مزید فعال اور بامقصد بنایا جا سکے۔


ہم یورپی ممالک کے کاروباری حضرات کو ای ویزہ سہولت مہیا کرنے کے ساتھ ساتھ، ان کو ہر ممکن سہولت فراہم کرنے کیلئے کوشاں ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان یورپی یونین مشترکہ اقتصادی کمیشن، ہمارے دو طرفہ مضبوط اقتصادی روابط کا مظہر ہے۔ہماری ان کاوشوں کے باعث کاروبار میں سہولت فراہم کرنے کی عالمی رینکنگ میں پاکستان کی درجہ بندی 39 درجے تک بڑھی ہے۔انہوں نے کہا کہ اقتصادی تعاون کا فروغ، دو طرفہ تعلقات کو مستحکم بنانے میں اہم کردار ادا کرتا ہے ،ہم نے ٹیکنالوجی کو بروئے کار لاتے ہوئے’’روشن دیجیٹل اکاونٹ‘‘کا اجرا کیا ،اس اقدام کے نتیجے میں پاکستانی تارکینِ وطن نے پہلے چند ماہ میں 50 ملین ڈالر زرمبادلہ بھجوایا۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ ہمیں دو طرفہ تجارت کے راستے میں حائل مسائل کے جلد حل کے لیے ایک مشترکہ متفقہ لائحہ عمل طے کرنے کی ضرورت ہے۔


ہمارے لیے تمام ممالک اہمیت کے حامل ہیں، دو طرفہ تعلقات کو مستحکم بنانے کیلئے ادارہ جاتی تعاون کا فروغ انتہائی اہم ہے۔یورپی یونین کی جانب سے پاکستان کیلئے جی ایس پی پلس سٹیٹس ملنے کے بعد یورپی ممالک کے ساتھ ہماری تجارت کے حجم میں دو گنا اضافہ ہوا ہے۔پاکستان میں تعینات یورپی ممالک کے سفرا نے وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے، پاک یورپی یونین دو طرفہ معاشی تعاون کے فروغ کے لئے اپنی معاونت کا یقین دلایا۔

0 views0 comments

Subscribe to 24Newspk

Its all about urdu news

  • Twitter
  • Facebook
  • Linkedin

© 2021 by 24newspk.com all rights reserved