• 24News pk

چین نے ایک بار پھر پاکستان کیساتھ لازوال دوستی کا مظاہرہ کیا،وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی


اسلام آباد۔1فروری (24 نیوز پی کے-اے پی پی):وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ چین نے ایک بار پھر پاکستان کیساتھ لازوال دوستی کا مظاہرہ کیا۔کورونا کیخلاف اقدامات میں چین پاکستان کے شانہ بشانہ رہا۔چین نے پاکستان کو پانچ لاکھ ویکسن تحفتاً دی۔یہ بات انہوں نے پیر کوچین کی جانب سے بھیجی جانیوالی 5 لاکھ ڈوزز پر مشتمل کورونا ویکسین کی پہلی کھیپ کی نور خان ائیر بیس پر وصولی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔قبل ازیں پاکستان ایئر فورس کا خصوصی طیارہ ویکسین کی کھیپ لیکر پیر کو اسلام آباد پہنچا۔وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان سمیت این سی او سی اور محکمہ صحت کے حکام بھی ایئرپورٹ پر موجود تھے۔ چین کے سفیر نونگ رونگ نے کورونا ویکسین کی پہلی کھیپ وزیر خارجہ کے حوالے کی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خارجہ نے کہا کہ مجھے یہ بتاتے ہوئے انتہائی مسرت ہو رہی ہے کہ چین نے آج ایک دفعہ پھر مثالی دوستی کا ثبوت دیا ہے۔ہمارے چین کے ساتھ دو طرفہ تعلقات کو 7 دہائیاں مکمل ہونے کو ہیں ہم اسے مثالی انداز میں منائیں گے۔


وزیر خارجہ نے چین کی قیادت بالخصوص چینی صدر اور وزیر خارجہ وانگ ڑی کا خصوصی شکریہ ادا کیا اور کہا کہ چینی صدر شی جن پنگ نے اعلان کیا تھا کہ وہ ویکسین بنانے کے بعد اسے “عالمی فلاحِ عامہ “کیلئے استعمال کریں گے مجھے یہ جان کر خوشی ہوئی کہ اس مقصد کیلئے انہوں نے سب سے پہلے پاکستان کا انتخاب کیا۔وزیر خارجہ نے چینی ڈاکٹروں کا شکریہ ادا کیا کہ وہ کورونا وائرس کی وبا کے دوران پاکستان تشریف لائے اور ہماری رہنمائی کی۔ وزیرِ خارجہ نے کہا کہ ہمارا چین کے ساتھ تعلق اور دوستی لازوال ہے۔ہم ایک دوسرے کی معاونت کرتے ہیں ،یہ ہماری لازوال دوستی کا مظہر ہے۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان اور چین نے مل کر ایک ویکسین کی تیاری کے حوالے سے کامیاب تجربات کیے ہیں جن کے ابتدائی نتائج انتہائی حوصلہ افزا ہیں یہ ہمارے لیے اور پاکستانی قوم کے لئے ایک خوشی کی خبر ہے۔وزیر خارجہ نے چین کی حکومت اور عوام کا پاکستان کی حکومت اور عوام کیطرف سے شکریہ ادا کیا۔

1 view0 comments

Subscribe to 24Newspk

Its all about urdu news

  • Twitter
  • Facebook
  • Linkedin

© 2021 by 24newspk.com all rights reserved