24newspk
ڈیرین سیمی نے انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کو نام لئے بغیر کڑی تنقید کا نشانہ بنا دیا

ویب ڈیسک (24 نیوز پی کے)نیوزی لینڈ اور انگلینڈ کا دورہ پاکستان ملتوی کرنے کے بعد شائقین کرکٹ سوشل میڈیا پر تنقید کررہے ہیں ،دنیائے کرکٹ کے عظیم کھلاڑیوں نے بھی نیوزی لینڈ اور انگلینڈ کی اس حرکت پر کڑی تنقید کی ہے۔ ویسٹ انڈیز کے سابق کپتان اور پشاور زلمی کے ہیڈ کوچ اور پاکستان میں پسندیدہ کرکٹر ڈیرین سیمی نے انگلش کرکٹ ٹیم کے دورہ پاکستان سے دستبردار ہونے کے بعد ٹویٹ کردیا۔
ویسٹ انڈین ٹیم کے سابق کپتان ڈیرن سیمی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر لکھا کہ ’بھیڑ کی کھال میں چھپے بھیڑیوں سے ہوشیار رہو۔ڈیرن سیمی نے کہا کہ ’ان بھیڑیوں کو کھانا کھلانے کے باوجود یہ سوتے میں آپ کو کھا جائیں گے۔
واضح رہے کہ انگلینڈ نے گزشتہ روز اپنی ٹیمیں پاکستان بھیجنے سے معذرت کرلی، انگلش مینز اور ویمنز ٹیم کو اکتوبر میں پاکستان کا دورہ کرنا تھا۔ انگلش کرکٹ بورڈ کا کہنا تھا کہ سکیورٹی اطلاعات پر ٹیم پاکستان نہیں بھیج سکتے۔نیوزی لینڈ اور انگلینڈ نے سیکیورٹی خدشات کی بنا پر پاکستان کا دورہ ملتوی کر دیا تھا،پاکستان نے دونوں ٹیموں کو فول پروف سیکیورٹی فراہم کرنے کی یقین دھانی کروائی تھی لیکن اس کے باوجود دونوں ٹیموں نے پاکستان میں کھیلنے سے انکار کر دیا۔