24newspk
کرکٹرز پیٹرول پر نہیں چلتے،ذہنی تھکن کا حل نکالنا ہوگا، روی شاستری

ویب ڈیسک (24 نیوز پی کے) ورلڈ ٹی ٹوئنٹی 2021 میں بھارت ایونٹ سے باہر ہو گئی ہے بھارتی ٹیم پر سوشل میڈیا پر بڑی تنقید ہو رہی ہے۔بھارت کو پاکستان اور نیوزی لینڈ سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ٹیم کی ناقص کارکردگی کی وجہ سے بھارت کے سبکدوش ہیڈ کوچ روی شاستری نے کہا ہے کہ کرکٹرز پیٹرول پر نہیں چلتے، اگر بورڈز اور آئی سی سی نے ان کی ذہنی تھکن کا حل نہ نکالا تو وہ انٹرنیشنل کرکٹ سے دور ہوجائیں گے۔
59 سالہ سابق انڈین اسٹار کرکٹر اور بھارتی ٹیم کے سابق ہیڈ کوچ روی شاستری کا کہنا تھا کہ میں کوئی بہانے نہیں بنا رہا لیکن پچھلے6 ماہ سے بائیوببل میں تھے، آئی پی ایل اور ورلڈ کپ کے درمیان وقفہ ہونا چاہیے تھا ان کا مزید کہنا تھا کہ تمام کھلاڑی انسان ہیں، وہ پیٹرول پر نہیں چلتے، کرکٹ بورڈز اور آئی سی سی کو چاہیے کہ وہ فوری طور پر کھلاڑیوں کو ذہنی تھکاوٹ سے بچانے کیلیے اقدامات کریں ورنہ وہ اپنی انٹرنیشنل ذمہ داریوں سے دور ہونے لگیں گے۔
آپ کو بتاتے چلیں کہ بھارت ایونٹ کی فیورٹ ٹیم تھی اور شائقین کرکٹ بھارت کو فائنل میں دیکھ رہے تھے،لیکن شائقین کرکٹ بھارت کی کارکردگی سے مایوس ہوگئے۔بھارتی ٹیم کی اس کارکردگی کے بعد ٹیم میں بڑی تبدیلیاں متوقع ہیں ۔ویرات کوہلی ورلڈ کپ سے پہلے ہی اعلان کرچکے تھے کہ وہ ورلڈ کپ کے بعد کپتانی چھوڑ دیں گے۔روی شاستری بھی ٹیم کے کوچ کے عہدے سے مستعفی ہو چکے ہیں اب یہ نہیں پتا کہ انہوں نے خود مستعفی ہوئے ہیں یا ان کو نکالا گیا ہے۔