• 24News pk

کوئی بھی ملک اداروں کے درمیان تعاون کے بغیر منشیات سے پاک معاشرہ تشکیل نہیں دے سکتا۔


اسلام آباد۔2جنوری (24 نیوز پی کے-اے پی پی):وفاقی وزیر انسداد منشیات اعجاز احمد شاہ نے کہا ہے کہ کوئی بھی ملک اداروں کے درمیان تعاون کے بغیر منشیات سے پاک معاشرہ تشکیل نہیں دے سکتا، ہمسایہ ممالک آپس میں تعاون کے ذریعے منشیات کے خاتمہ کے لئے کام کر سکتے ہیں۔ یہ بات انہوں نے ہفتہ کو ایرانی نیوز ایجنسی کو خصوصی انٹرویو دیتے ہوئے کہی۔


انٹرویو کا انعقاد ایرانی انسداد منشیات پولیس کے سربراہ بریگیڈیئر جنرل مجید کریمی کے دورہ پاکستان کے سلسلہ میں کیا گیا۔ وفاقی وزیر انسداد منشیات نے کہا کہ کوئی بھی ملک اداروں کے درمیان مکمل کوارڈینیشن کے بغیر منشیات سے پاک معاشرے کو تشکیل نہیں دے سکتا۔ انہوں نے کہا کہ وہ خود اینٹی نارکوٹکس فورس کے ریجنل ڈائریکٹر کے طور پرفرائض سرانجام دے چکے ہیں اس لئے منشیات سے متعلق مسائل سے اچھی طرح واقف ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمسایہ ممالک آپس میں تعاون کر کے منشیات کے خاتمے کے لئے کام کرسکتے ہیں۔


وفاقی وزیر اعجاز شاہ نے کہا کہ ایران کی جانب سے تعاون کی پیشکش خوش آئند ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایران کی انسداد منشیات پولیس کے سربراہ بریگیڈیئر جنرل مجید کریمی کے دورہ پاکستان کے منتظر ہیں۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ منشیات کے خاتمے کے لئے ان کا ہدف منشیات کی طلب کو ختم کرنا ہے۔ طلب کم ہونے سے ہی سپلائی کرنے والوں سے باقاعدہ طور پر نمٹا جا سکتا ہے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ منشیات کے نقصانات سے متعلق آگاہی اور لوگوں کی بحالی پر کام کرنا انتہائی اہم ہے۔ منشیات کی سمگلنگ کی روک تھام بھی ہماری اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ منشیات کے شکار افراد کے علاج و بحالی کے لئے اداروں کی تشکیل زیر غور ہے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ ایران کے وفد سے ملاقات میں دونوں ممالک سے متعلق معاملات کو زیر غور لائیں گے۔

0 views0 comments

Subscribe to 24Newspk

Its all about urdu news

  • Twitter
  • Facebook
  • Linkedin

© 2021 by 24newspk.com all rights reserved