24newspk
“کچھ کرکٹرز شہباز شریف کو مبارکباد دے رہے تھے” شان کی نام لیے بغیر شاہد آفریدی پر تنقید، ٹوئیٹ

ویب ڈیسک (24 نیوز پی کے) پاکستان فلم انڈسٹری کے معروف اداکار شان شاہد نے نام لیے بغیر پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور مایہ ناز آلراؤنڈر شاہد خان آفریدی پر طنز کیا ہے ۔ شان شاہد نے ٹوئٹر پر جاری بیان میں کہا ’’کچھ کرکٹرز شہباز شریف کو مبارکباد دے رہے تھے ۔ اداکار نے لکھا لیکن اب وہ اتنے خاموش ہیں کہ انہیں روتے ہوئے سنا جاسکتا ہے‘‘ ۔
شان شاہد کی اس تنقید کا نشانہ قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد خان آفریدی تھے جنہوں نے وزیر اعظم شہباز شریف کو ملک کا 23 واں وزیر اعظم بننے پر مبارکباد دی تھی۔
سابق وزیر اعظم عمران خان کے حامیوں کی جانب سے سوشل میڈیا پر شاہد آفریدی کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا گیا۔ بعد ازاں سابق آل راؤنڈر نے آن لائن ٹرولنگ کے بعد ایک ویڈیو بیان بھی جاری کیا تھا۔انہوں نے کہا تھا کہ وہ اس بات سے بخوبی واقف ہیں کہ انہیں مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف کو ملک کا وزیراعظم بننے پر مبارکباد دینے پر کیا ردعمل ملے گا۔
آفریدی نے کہا کہ میں نے ہمیشہ عمران خان کو ایک لیڈر کے طور پر دیکھا ہے لیکن میں ان کی پالیسیوں یا نظریے سے اختلاف کرنے کا حق محفوظ رکھتا ہوں۔
یاد رہے کہ اس سے قبل اپنی ٹوئٹ میں شان شاہد نے پنجاب کے نئے وزیر اعلیٰ پرویز الہی کے بیٹے مونس الٰہی کو مبارکباد پیش کی تھی ۔ انہوں نے لکھا کہ تاریخی جیت اور عوام کی مرضی کے ساتھ کھڑے ہونے پر مبارکباد پیش کرتا ہوں۔