24newspk
ہاشم آملہ نے پاکستانی فاسٹ باؤلر کو جادو گرقرار دے دیا ، کن الفاظ میں تعریف کی ? جانئے

ویب ڈیسک (24نیوز پی کے)جنوبی افریقہ کے سابق بلے باز ہاشم آملہ نے قومی ٹیم کے سابق فاسٹ باولر محمد آصف کو جادوگر قرار دے دیا۔
سابق جنوبی افریقن بلے باز ہاشم آملہ نے محمد آصف کو اپنے وقت کا مشکل ترین باؤلر قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان جیسا خطرناک باؤلر کبھی نہیں دیکھاان کو کھیلنے میں بہت مشکلات کا سامنا ہوتا تھا۔ہاشم آملہ نے محمد آصف کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ محمد آصف کا ایکشن بہت زبردست تھاجسے دیکھنا بہت اچھا لگتا تھا۔ محمد آصف گیند کے ساتھ جادوگری کرتے تھے،میں نے اپنے کیریئر میں ان جیسا مشکل ترین باؤلر نہیں دیکھا مجھے ان کی گیند کی سمجھ ہی نہیں آتی تھی جو میں سوچ رہا ہوتا تھا اس کے برعکس گیند ہوتی تھی وہ ہمیشہ مشکل میں ڈال دیتا تھا۔
ہاشم آملہ کا کہنا تھا کہ جب میں ا ن کی ان سوئنگ کے لیے تیار ہوتا تھا تو وہ آؤٹ سوئنگ کرکے مجھے آؤٹ کردیتے تھے۔آپ کو بتاتے چلیں کہ محمد آصف کی دنیا کے بڑے بڑے بلے بازوں نے تعریف کی ہے کہ ان کو کھیلنا بہت مشکل ہوتا تھا۔محمد آصف 2010 میں میچ فکسنگ میں ملوث پائے اور اس کے بعد ان پر 5 سال کی پابندی لگی اور پھر وہ کبھی قومی ٹیم کا حصہ نہیں بن سکے۔محمدآصف نے پاکستان کے لئے 23 ٹیسٹ میچوں میں 106 وکٹیں حاصل کیں ان کی بہترین باؤلنگ 6/41 تھی۔ون ڈے میں 38 میچوں میں 46 وکٹیں اور ٹی 20 میں 11 میچوں میں 13 وکٹیں حاصل کیں۔